گاندربل//دودرہامہ گاندربل میں موجود صنعتی علاقے میں برلب سڑک پانی کی پائپ لائن تین ماہ سے خراب ہونے سے سڑک کنارے بہت بڑا سوراخ بن چکا ہے۔علاقے میں ہزاروں کنال پر مشتمل صنعتی علاقہ قائم کیا گیا ہے جہاں متعدد صنعتی یونٹ شدومد سے کام کررہے ہیں۔صنعتی علاقہ میں محکمہ بجلی کا سب ڈویژن گاندربل کا دفتر بھی موجود ہے جس کے دروازے کے سامنے برلب سڑک پانی کی پائپ لائن گزر رہی ہے جو تین ماہ قبل خراب ہوگئی اور پانی کی دھار خارج ہورہی ہے جس سے سڑک کا کچھ حصہ بھی ناکارہ ہوچکا ہے۔مقامی شہری زبیر احمد نے اس سلسلے میں بتایا کہ تین ماہ قبل پائپ لائن خراب ہوگئی اور دو انچ سے زیادہ پانی کی دھار خارج ہورہی ہے اور اس بارے میں جل شکتی محکمہ کے ملازمین کو کئی بار آگاہ کیا گیا تاہم انہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔اس بارے میں جل شکتی محکمہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر علی محمد نے کہا کہ دو روز کے اندر پائپ لائن کودرست کیا جائے گا ۔
دودرہامہ گاندربل میں پائپ لائن خراب | تین ماہ سے جل شکتی محکمہ نے کوئی کارروائی نہیں کی
