دودرہامہ سالورہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل

گاندربل//دودرہامہ سالورہ رابطہ سڑک خستہ حالی کے نتیجے میں ناقابل آمدورفت بن چکی ہے۔ ڈیڑھ کلومیٹر مشتمل اس سڑک پر جگہ جگہ تارکول اکھڑ گیا ہے اور سڑک کے بیچوں بیچ بڑے بڑے کھڈ بن چکے ہیں جس کے نتیجے میں عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق کئی سال قبل اس سڑک پر میکڈم بچھایا گیا تھا جو گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اکھڑ گیا۔اب صورتحال یہ ہے کہ  بارشوں میں سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے اور دھوپ کے دوران گرد و غبارسے چلنا پھرنا محال بن جاتا ہے ۔شیخ ہلال احمد نامی ایک شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پانچ چھ سال قبل دودرہامہ سالورہ رابطہ سڑک پر میکڈم ڈالا گیا تھا جو اب تقریباً مکمل طور اکھڑچکا ہے۔ دودرہامہ سے سالورہ اور سالورہ سے بملورہ تک سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ اس سڑک کی مرمت کی جائے لیکن کوئی دھیان نہیں دیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال نے اس ضمن میں کہا کہ اس سال کئی سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر سالورہ رابطہ سڑک پر میکڈم بچھایا جائے گا۔