دنیشور شرما ایک دن قبل ہی واپس لوٹ گئے

 جموں//مرکز کے خصوصی نمائندے دنیشور شرما جمعرات کو ریاست کا تیسرا دورہ طے شدہ پروگرام سے ایک دن قبل ہی ختم کرکے دہلی واپس لوٹ گئے۔معتبر ذرائع نے بتایا کہ دنیشور شرما کا آج یعنی 29دسمبر کو ائر انڈیا کی پرواز سے واپس جانے کا پروگرام طے تھا لیکن مختلف تنظیموں کی سرد مہری کے باعث انہوں نے اپنے دورہ میں تخفیف کر دی اور جمعرات بعد دوپہر ہی روانہ ہو گئے ۔ اس سے قبل کل ملا کر 7وفود ان سے سرکاری گیسٹ ہائوس میں ملے جن میں چند سیاسی جماعتوں، کشمیری پنڈتوں کی تنظیم اور سماجی کارکنان کے گروپ شامل تھے۔ جموں کشمیر کرکٹ ایسو سی ایشن کے حال ہی میں مقرر شدہ چیف ایگزیکٹو آفیسر عاشق حسین بخاری، سابق ممبرپارلیمنٹ شیخ عبدالرحمان، سابق وزیر ٹھاکر رندھیر سنگھ، سابق ایم ایل سی و سابق چیف سیکرٹری وجے بقایہ، جموں مسلم فرنٹ ، وادی کے گورنمنٹ ایڈڈ اسکولوں کا وفد اور شاریکا کول و دیگران نے دنیشور شرما کے ساتھ ملاقات کی۔ شرما قریب ساڑھے بارہ بجے  پولیس کے سابق ڈی جی ڈاکٹر اشوک بھان کی چھنی ہمت واقع رہائش گاہ پر گئے اور اس کے بعد سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس کے ساتھ قریب 20منٹ تک تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹریٹ سے شرما گیسٹ ہائوس گئے ، ڈویژنل کمشنر مندیپ بھنڈاری ان کے ہمراہ تھے، دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد تین بجے نامزد مذاکراتکار ائر پورٹ چلے گئے اور چار بجے دہلی کے لئے روانہ ہو گئے۔گزشتہ روز انہوں نے گورنر اور وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی تھی جب کہ اس سے قبل کپوارہ اور بارہمولہ اضلاع میں مختلف وفود کے ساتھ ملاقات کرنے کے علاوہ انہوں نے فوج کی گولہ باری میں ہلاک ہوئے سومو ڈرائیور آصف اقبال کے لواحقین کے ساتھ بھی بات کی تھی۔