دنیشور شرما اور شمالی کمان کے سربراہ

سرینگر//ریاست کیلئے مرکزی مذاکرات کار دنیشور شرمانے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔انہوں نے گورنر کی تعیناتی پر ستیہ پال ملک کو مبارک باد دی۔دینشور شرما نے مرکزی مذاکرات کار کے طور سماج کے مختلف طبقوں کے ساتھ اُن کی ملاقاتوں کے دوران حاصل کی گئی تجاویز کے بارے میں گورنر کو جانکاری دی۔انہوں نے ریاست کی اندرونی سلامتی ، ترقیاتی منظر نامے اور ریاست کے نوجوانوں کے تعلیمی مفادات کو فروغ دینے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ادھرناردرن آرمی کمانڈر لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ نے گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے گورنر کے ریاستی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور اُنہیں یہ یقین دلایا کہ فوج ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے میں بھرپور تعاون دے گی۔ اس سے پہلے آرمی کمانڈر نے چنار کارپس کمانڈر لیفٹنٹ جنرل اے کے بھگت کے ہمراہ شمالی کشمیر اور لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر فوج کے کمانڈر نے نے تمام یونٹوں کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور فوجیوں کی سراہنا کی۔