حیدرآباد// آج دنیا عالمی سطح پر اخلاقی پستی کا شکار ہے جس کے لیے ہمیں نئی نسل میں اخلاقی قدروں کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔موسیٰ علیہ السلام کے دور کی طرح آج کے فرعون کے جادوگرانسانوں کو گمراہ کرنے کے لیے گیمز، انٹرنیٹ، جھوٹے میڈیا اور دوسری بہت سی شکلوں میں ہمارے سامنے موجود ہیں اور ہمیں گمراہ کر رہے ہیں، ہمیں محسوس بھی نہیں ہوتا اور یہ ہم سے ہمارا مستقبل چھین لیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ارحان یلمان اوکان ، قونصل جنرل ترکیہ برائے حیدرآباد نے کیا۔ وہ مولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی کے اسکول برائے السنہ و لسانیات و ہندوستانیات کے زیر اہتمام ادبیات عالم میں اخلاقیات کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ انسان صرف انسانی جسم رکھنے سے، ہاتھ پیر رکھنے سے، ناک منہ کان رکھنے سے، انسان نہیں بنتا ہے۔