جموں // کانگریس پارٹی کے قومی صدر راہل گاندھی نے نئی دہلی میں منعقدہ پارٹی کے ریاستی لیڈروں کے ایک اجلاس میں ریاست کے سیاسی اور سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا ۔اجلاس میں راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر غلام نبی آزاد،اے آئی سی سی کے جنرل سیکرٹری و ریاست جموں و کشمیر کی انچارج امبیکا سونی،اے آئی سی سی کے جنرل سیکرٹری کے سی وینو گوپال، اے آئی سی سی سیکرٹری انچارج جے اینڈ کے ڈاکٹر شکیل احمد،جموں و کشمیر کے پردیش صدر جی اے میر، حالیہ لوک سبھا انتخاب کے پارٹی کے امید واروں رمن بھلہ، وکرما دتیہ سنگھ اور فاروق احمد میر نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں آنیوالے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست کی حالیہ سیاسی صورتحال پر بھی مباحثہ کیا گیا ،جن کا کسی بھی وقت اعلان ہو سکتا ہے۔حالانکہ ریاست میں صدر راج نافذ ہے اور اس میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ اجلاس میں حالیہ لوک سبھا انتخابات کے بعد پیدا شدہ سیاسی منظر نامہ پر بھی مباحثہ کیا گیا ۔اجلاس میں آنے والے اسمبلی انتخابات کےلئے تنظیمی سرگرمیوں کےلئے اُٹھائے جا نے والے اقدامات پر بھی مباحثہ کیا گیا ۔55منٹوں تک چلنے والے اجلاس میں ریاست میں پارٹی کو تینوں خطوں میں مستحکم بنانے کےلئے کئے جا رہے اقدامات اور عوام کے ساتھ رسائی کے اقدامات پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے پارٹی لیڈروں سے ریاست میں کیڈر کو دسر گرم کرنے اور لوگوں کے مسائل اجا گر کرنے کو کہا ہے،تاکہ بی جے پی کے جھوٹ اور کھوکھلے وعدوں کو بے نقاب کیا جاسکے۔انہوں نے پارٹی کو عوام کی توقعات کے لئے کام کرنے کی تلقین کی۔