دلہن بیوٹی پارلر جانے کے بہانے منفرد انداز میں لاپتہ، پولیس کاروائی شروع

محمد تسکین
بانہال// رام بن کے بس سٹینڈ سے ایک دلہن مشکوک حالات اور منفرد انداز میں لاپتہ ہوگئی ہے اور رام بن پولیس نے دولہے کی تحریری درخواست کے بعد گمشدگی کی ایک رپورٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جموں کی تحصیل مڑھ کے علاقے سے ایک برات پیر کے روز گول کے دلواہ علاقے میں پہنچی تھی اور منگل کے روز بارات واپس جموں جانے کے دوران بس سٹینڈ رامبن کے پاس رک گئی اور دلہن باراتیوں اور دولہا کو وہیں چھوڑ کر بیوٹی پارلر میں میک اپ کرنے کیلئے رخصت ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ دلہن رام بن کے ایک بیوٹی پارلر میں میک کے بہانے نکل گئی اور دیر تک واپس نہیں لوٹی۔ اس دوران دولہا اور دیگر باراتیوں کو دلہن کے لاپتہ ہونے کی خبر ملی اور پریشان دولہا باراتیوں کو لیکر پولیس سٹیشن رام بن پہنچ گیا۔دلہن کی شناخت کویتا دیوی عمر 25 سال دختر شادی لعل ساکنہ چنجی دلواہ ، سنگلدان تحصیل گول کے طور کی گئی ہے جبکہ دولہے کی شناخت دربار سنگھ عمر 32 سال ساکنہ گتلہ تحصیل مڑھ ضلع جموں کے طور کی گئی ہے۔پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ رام بن پولیس تھانے میں دولہا کی تحریری شکایت پر گمشدگی کی ایک رپورٹ درج کی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جلد ہی دلہن کو ڈھونڈ نکالے گی اور اس واقع کی پوری تفصیلات دی جائینگی۔