دلنہ بارہمولہ میں ہولناک آگ | لاکھوں کے سامان سے بھری دکان مکمل طورپرخاکستر

بارہمولہ//دلنہ بارہمولہ میں منگل کی شام دیر گئے آگ کی ایک ہولناک واردات میںایک دوکان مکمل طورپرخاکستر ہوگئی جس میں لاکھوں روپئے کا سازوسامان خاکستر ہوگیا ہے۔ شام دیر گئے ساڑھے9بجے کے قریب دلنہ بارہمولہ میں محمد اشرف خان ولد غلام محمد خان ساکن دلنہ کی کریانہ ہول سیل دوکان میں آگ نمودار ہوئی جس نے پوری دکان کو آناًفاناً اپنی لپیٹ میں لیا جس سے دوکان میں موجود لاکھوں روپے کا سامان مکمل طورخاکستر ہوگیا۔ مقامی لوگوں، محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی بارہمولہ، دلنہ پولیس پوسٹ اور مقامی فوجی یونٹ کے اہلکار وںنے دوکان میں موجود سامان کو بچانے کی کوشش کی لیکن آگ اس قدر بھیانک تھی کہ آناً فاناً راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔دوکان مالک محمد اشرف خان کے مطابق تقریباً 30 لاکھ روپے مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔معلوم ہواہے کہ دکان مالک بیٹے جاوید احمد خان نے سرکاری نوکری نہ ملنے کے بعد بنک سے 15 لاکھ روپے کا قرضہ لیکر کریانہ ہول سیل کا کاروبار شروع کیا تھا لیکن آگ کی اس بھیانک واردات نے اس نوجوان کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا ۔مذکورہ نوجوان نے ضلع انتظامیہ سے معاونت کی اپیل کی ہے۔ادھرپولیس نے آگ کی اس واردات کی مناسبت سے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔