دفعہ370کبھی بحال نہیں ہوگا | ’گینگ‘ کے لیڈران نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے خون پر سیاست کی: شاہنوازحسین

سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین نے کہا کہ دفعہ370کبھی بحال نہیں ہو گا، جبکہ اس سلسلے میں عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ عوام کو دھوکہ دے رہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا’گپکار گینگ کے لیڈران نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے خون پر سیاست کی ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان ، سید شاہنواز حسین نے جمعہ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل370 کو کبھی بحال نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ’گپکار گینگ‘  اسکی بحالی سے متعلق وعدہ کرکے عوام کو دھوکہ دے رہا ہے۔ آئندہ انتخابات کیلئے کشمیر انچارج کے عہدے پر تعینات شاہنوازحسین نے کہا کہ گذشتہ سال آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بعد جموں و کشمیر میں ماحول بدل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جموں و کشمیر کے عوام کی فکر ہے اور ترقی کو یقینی بنائیں گے جو لوگوں کا حق ہے اور انہیں دیا جائے گا۔ان کا کہناتھا’ جموں و کشمیر میں ترقی کا ایک نیا آغاز دیکھنے کو ملے گا اور اس کے لئے کام پہلے ہی شروع کردیا گیا ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ۔19 کے پھوٹ پڑنے کی وجہ سے یہاں بہت سے منصوبے شروع نہیں ہوسکے تھے ، لیکن جلد ہی شروع کردیئے جائیں گے۔ شاہنوازحسین جو گزشتہ برس آرٹیکل370 کے خاتمے کے بعد پہلی بار وادی کا دورہ کررہے ہیں ، نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح ، جموں و کشمیر میں بھی اسی طرح کی ترقی ہوگی ، جس کی خواہش وزیر اعظم نریندر مودی نے کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر خصوصا ًنیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سابقہ حکومتوں نے ہمیشہ اپنے کنبے اور رشتہ داروں کے بارے میں سوچا ہے اور عوام کو بڑے پیمانے پر پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ان کا کہناتھا ’ہم (بی جے پی) خاندانی حکمرانی کے خلاف ہیں اور اپنے خاندانوں کو کبھی ترجیح نہیں دیتے ہیں۔ ہم جو بھی بولتے ہیں وہ کرتے ہیں۔ جموں و کشمیر میں اگر آپ دیکھیں کہ بیشتر رہنما ایسے ہیں جن کا خاندانی پس منظر ہے کیونکہ انہوں نے لوگوں کو بڑھنے نہیں دیا ، لیکن ہم کبھی بھی اپنے خاندانوں پر توجہ نہیں دیتے ہیں‘۔