دفعہ370کا خاتمہ | کنبہ پروری ، علیحدگی پسندی اور پتھرائو سے چھٹکارا مل گیا

سرینگر //جنوبی کشمیر میں انتخابی مہم جاری رکھتے ہوئے بی جے پی کی سینئر لیڈر اور پارٹی ترجمان درخشان  اندربی نے اتوار کو اننت ناگ میں پارٹی کارکنان کا ایک اجلاس طلب کیا ۔ میٹنگ کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سکینڈلوں کی سیاست تب سے ایکسپوز ہوگئی ہے جب سے جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو کنبہ پروری ، علیحدگی پسندی اور پتھرائو کرنے والوں سے چھٹکارا مل گیا ہے جنہوں نے یہاں لوگوں کا جینا مشکل کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی رقوم ، سرکاری وسائل اور دیگر سرمایہ کو لوٹنے کی ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔انہوں نے کہا کہ امن آزادی کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو چند سیاسی لوگوں نے اپنے فوائد کیلئے استعمال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کئی علیحدگی پسند لیڈران نے ویڈیو میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انہیں پیسہ ملتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان نسل کسی سیاست کیلئے موت کے حقدار نہیں بلکہ ان کا مستقبل روشن ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں نئے مواقعے اور صنعتیں شروع کرنے جارہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہم نوجونوں کی تعلیم کیلئے عالی تعلیمی ادارے اور یونیورسٹیاں قائم کرنے جارہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہم سماج کو تبدیل کرنے جارہے ہیں جہاں  امن اور ترقی ہو۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اصل حقیقت کو سمجھنے لگے ہیں ۔