نئی دلی// ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ سے اجازت طلب کی ہے کہ وہ دفعہ 35اے کی آئینی اعتباریت کو چیلنج کرنے کے حوالے سے دائر عرضی کی سماعت کو ملتوی کرنے کے لئے فریقین کو خط جاری کرے کیونکہ ریاست میں اس وقت عوامی حکومت نہیں ہے۔ دفعہ35 اے کو ہٹانے کے سلسلے میں دائردرخواست کی سماعت سپریم کورٹ میں رواں ہفتے ہورہی ہے۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس سنجیو کھنہ پر مشتمل ایک بینچ کو وکیل شعیب عالم نے ریاستی حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مقررہ سماعت کو ملتوی کرنے کیلئے فریقین کو خط روانہ کرنے کے امکانات کوتلاش کریں۔سماعت کے روز ایڈوکیٹ عالم عدالت میں ایک درخواست دائر کریں گے کہ چونکہ ریاست میں اس وقت منتخب حکومت موجود نہیں ہے لہذا سماعت کی تاریخ بدل دی جائے ۔’’دفعہ 35A کیلئے چیلنج ایک حساس مسئلہ ہے اور موجودہ حالات بھی موافق نہیں ہیں ۔ریاستی حکومت نے عدالت میں ایک مختصر جواب دائر کیا کہ اس معاملہ کی سماعت تب ہو جب ریاست میں منتخب عوامی حکومت قائم ہو۔
۔15رکنی بار ایسوسی ایشن ٹیم تشکیل
سرینگر// سپریم کورٹ میں زیر سماعت دفعہ 35 اے کا دفاع کرنے کیلئے ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے بارصدر ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم کی سربراہی میں15رکنی ٹیم دہلی روانہ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔عدالت عظمیٰ میں آئین ہند کی دفعہ35ائے پر 13سے14فروری تک کسی بھی وقت ڈویژن بنچ میںکیس کی سماعت متوقع ہے۔اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے بار ایسو سی ایشن نے فیصلہ لیا ہے کہ دفعہ35ائے کا دفاع کرنے کیلئے وکلاء کی ایک ٹیم ان تاریخوں پر سپریم کورٹ میں حاضر رہے گی۔بار جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ محمد اشرف بٹ نے اس بات کی تصدیق کی کہ بار ایسو سی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ پیر کو منعقد ہوئی،جس کے دوران یہ فیصلہ لیا گیا۔ بار جنرل سیکریٹری کے مطابق میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ15رکنی ٹیم کو تشکل دیا گیا ہے جو12 فروری کودہلی میں ملیں گے،تاکہ عدالت عظمیٰ میں دفعہ35ائے کا دفاع کرنے کیلئے موثر انداز سے حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔بار ٹیم کی قیادت ایسو سی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم کرینگے،جبکہ ٹیم میں معروف قانون داں ایڈوکیٹ ظفر احمد شاہ،سابق بار صدر ایڈوکیٹ نذیر احمد رونگا،بار کے نائب صدر ایڈوکیٹ اعجاز بیدار،جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ محمد اشرف بٹ، جوائنٹ سیکریٹری ایڈوکیٹ عادل عاصمی، مالی سیکریٹری ایڈوکیٹ بلال احمد وانی،ایڈوکیٹ ریاض جان ایڈوکیٹ الطاف حقانی،ایڈوکیٹ مفتی معراج الدین، ایڈوکیٹ منظور احمد ڈار،سابق جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ بشیر صادق اور ایڈوکیٹ ارشد اندرابی بھی شامل ہونگے۔ بار جنرل سیکریٹری کے مطابق میٹنگ کے دوران اس بات کا بھی فیصلہ لیا گیا کہ اگر بار ایسو سی ایشن سے وابستہ کوئی اور وکیل بھی دہلی ٹیم میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں تو اس کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا۔