دفعہ35اے کیس کی سماعت کیخلاف بدھ اور جمعرات کو ہڑتال: مشترکہ مزاحمتی قیادت

سرینگر/سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل علیحدگی پسندوں کے وفاق مشترکہ مزاحمتی قیادت نے منگل کو اپنے ایک بیان میں عدالت عظمیٰ میں آئین کی دفعہ35اے کی شنوائی کیخلاف بدھ اور جمعرات(13اور14فروری) کو ہڑتال کی اپیل کی۔

بیان میں مذکورہ لیڈران نے کہا کہ وہ بار بار کی ہڑتالوں کے نقصانات سے باخبر ہیں لیکن یہ معاملہ اتنا حساس ہے جس کیخلاف احتجاج ناگزیر ہے۔

لیڈران نے کہا کہ اگر دفعہ35اے کیخلاف فیصلہ آیا تو ریاست بھر میں ٹھیک اُسی وقت سے ایجی ٹیشن کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس کی شنوائی سے متعلق آخری موقع پر تاریخ منظر عام پر لانا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ اس آئینی دفعہ کیخلاف سازشیں رچائی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ آئین کی دفعہ35اے کا تعلق جموں کشمیر کے عوام کی خصوصی شہریت سے ہے اور اس کیخلاف عدالت عظمیٰ میں کئی درخواستیں پیش کی گئی ہیں جن کی ایک ساتھ شنوائی کی جانی ہے۔

تاہم ریاستی حکومت نے عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار کے سامنے پہلے ہی ایک درخواست پیش کر رکھی ہے جس میں اس شنوائی کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

ریاستی سرکار کی اس درخواست کو منظور کیا جائے گا یا نہیں، اس بارے میں بدھ یا جمعرات کو ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔