دفعہ 370 کی منسوخی اور ہر گھر ترنگا کی مناسبت سے بانہال میں بھاجپا پروگرام

محمد تسکین
بانہال // جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی کو تین سال مکمل ہونے اور ہر گھر ترنگا مہم کی نسبت سے بانہال میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت بی جے پی جنرل سیکریٹری ضلع رام بن محمد سلیم بٹ نے کی۔ جمعہ کے روز بانہال میں پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقد اس تقریب کے موقع پر موجود تمام بھاجپا لیڈروں اور کارکنوں نے ترنگا لہرایا اور دفعہ 370 کو ہٹانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اس کے فائیدوں سے پارٹی کارکنوں کو روشناس کیا گیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر محمد سلیم بٹ نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگرس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان تینوں سیاسی پارٹیوں نے جموں کشمیر کو لوٹ کھسوٹ کرکے کھوکھلا کر دیا ہے اور ان کی عوام دشمن پالسیوں کی وجہ سے ہزاروں لوگ جیلوں میں بند کئے گئے اور ہزاروں کو قبرستان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد جموں کشمیر میں ترقی کی راہیں کھل گئی ہیں اور غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی سکیموں سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں اور یہ سکیمیں ملک کی آزدی کے بعد سے پہلی بار گھر گھر پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ ہی دہلی ، جموں اور کشمیر میں الگ الگ بیانات دیکر لوگوں کو دھوکے میں رکھا اور انہیں 370 کے کھولے وعدوں اور نعروں سے لبھاتے رہے۔