دفعہ 370کی بحالی

سرینگر//گپکار الائنس ( پی اے جی اے ڈی )نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ دفعہ 370کی منسوخی کے فیصلے کا خود جائزہ لے اوراس پر نظرثانی کرے ۔کے این ایس سے بات کرتے ہوئے گپکار الائنس کے سینئر ممبر مظفر احمد شاہ نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان سے 5 اگست 2019 کے فیصلوں پر نظرثانی کرنے کو کہا جاسکے جنہیں غیر آئینی طور اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو شامل کئے بغیر ہی لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح حکومت نے کسانوں کے تین قوانین کو منسوخ کیا ،جو گزشتہ سال پارلیمنٹ سے منظور ہوئے تھے ،اسی طرح دفعہ 370 کی منسوخی پر نظرثانی کی جانی چاہئے اور اسے رول بیک کیا جانا چاہئے۔مظفر شاہ نے مزید کہا کہ وہ نئی دہلی میں سول سوسائٹی کے اراکین، اپوزیشن جماعتوں اور دیگر سیاسی رہنماں سے ملاقات کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ انہیں جموں و کشمیر میں دفعہ370 کو منسوخ کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔