کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا:نیشنل کانفرنس
سرینگر // نیشنل کانفرنس کی جانب سے کولگام میںجنوبی زون کے عہدیداراں اور کارکنوں کا ایک اجتماع منعقد ہوا جس میں پارٹی لیڈران نے اس بات کا عہد کیا کہ نیشنل کانفرنس ہر سطح پر ریاست کی خصوصی پوزیشن کا دفاع کرے گی۔ اجتماع سے پارٹی کے جنوبی کشمیر زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے کہاکہ اُن کی جماعت ریاست کی شناخت کو زندہ رکھنے کے لئے کوئی بھی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔پارٹی لیڈران ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی ایم ایل اے ہوم شالی بگ، ایم ایل سی و ضلع صدر شوپیان شوکت حسین گنائی ، نائب صدر کشمیر ڈاکٹر محمد شفیع شاہ اورجنوبی کشمیر کے ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 35 اے اور 370 کے خلاف سازشیں ابتدا ء سے ہی ہورہی ہیں لیکن نیشنل کانفرنس اس کی حفاظت کیلئے کبھی لیت و لعل نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگران دفعات کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑکی گئی تو کشمیر کا چپہ چپہ جنگ کے میدان میں تبدیل ہوگاجسکی ذمہ داری مرکز میں بیٹھے لیڈران پر عائد ہوگی۔ ادھر حضرت بل میں محمد سعید آخون ، پیر آفاق احمد نے بھی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے 35 اے کی افادیت اور اہمیت بیان کرتے ہوئے اس کے دفاع کے لئے متحد ہونے کی اپیل کی۔
ریاستی عوام کی آواز کو نظر انداز نہ کیا جائے:جمعیت انوارالاسلام
سرینگر// جمعیت انوارالاسلام کے اہتمام سے حضرت زینہ شاہ والیؒ ؒ جامع مسجد سری گفوارہ ،مرکزی جامع مسجد کواری گام شانگس اچھہ بل ،مین بازار پٹن بارہمولہ ، چستی مسجد فرستہ بل پانپور اورجامع مسجد گول مارکیٹ کرن نگر میں اجتماعات منعقد ہوئے ۔ان اجتماعات میں ڈاکٹر بشیر احمد ننگرو زعماء جمعیت اور دیگر مقررین نے عوام کو احترام انسانیت کے ضوابط پر عمل پیرا ہونے کی اپیل کی ۔جمعیت کے سربراہ موالانا شیخ غلام محمد نے اپنے صدارتی خطاب میں مالک کائنات کے احکامات کے تحت اُس کی دی ہوئی زندگی گزارنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی بندگی کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کا فریضہ پورا کرنے کی کو شش کو اپنی ذمہ داری سمجھ لیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ موجود ہ دور میں ظلم و جبر اور نفرت پھیلانے کی پالیسی پر جو لوگ گامزن ہیں انہیں شرمندگی کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ صدر موصوف نے دانشوروں سے اپیل کی کہ ٓاخر وہ کب تک بے قصور لوگوں کا خون بہنے کا تماشہ دیکھتے رہیں گے۔صد رجمعیت نے دفعہ 370اور 35-A کے تعلق سے کہا کہ حکومت ہندوستان کو ریاستی عوام کی آواز کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے بلکہ دو ر وزہ تاریخی ہڑتال کے ذریعہ جمو ں ، کشمیر ،لداخ اور گلگت کے عوام نے حکومت ہند کو متنبہ کردیا کہ اگر ان دفعات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی توعوامی ایجی ٹیشن شروع ہوگی۔