سرینگر//آئین ہند کی دفعہ شق35اے پر عدالت عظمیٰ میں آئندہ دو دنوں میں حتمی شنوائی کے خلاف تجارتی اتحاد کشمیر اکنامک الائنس نے 13اور14فروری کو دو روزہ سیول کرفیو کا اعلان کیا،جبکہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کی حمائت بھی کی۔ سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے بتایا کہ ایک منصوبے کے تحت جموں کشمیر میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کیلئے ماحول بنا یا جارہا ہے جب کہ دفعہ370اور دفعہ35A کے خلاف سازشیں رچائی جا رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ یہ معاملہ کشمیریوں کی سیاسی تقدیر سے جڑا ہوا ہے اور اس پر ضرب لگانے کی کسی بھی طور اجازت نہیں دی جائے گی۔کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین نے وادی میں2روزہ سیول کرفیوں کی اپیل کرتے ہوئے تاجروں اور دکانداروں کے علاوہ ریڈی والوں اور چھاپڑی فروشوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مکمل ہڑتال کر کے یہ پیغام پہنچائے کہ کشمیر کا ہر ایک فرد دفعہ35A کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرنے کے خلاف ہیں۔انہوں نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہاکہ مشترکہ مزاحمتی قیادت جو پروگرام اس سلسلے میں دے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔فاروق احمد ڈار نے بار بار اس معاملے کو عدالت میں ملتوی کرنے پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں کشمیری عوام کے سروں پر تلوار لٹکائی جا رہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کو یکسر مسترد کیا جانا چاہے۔فا روق احمد ڈارنے واضح کیا کہ تاجر اور صنعت کار35Aپر کسی قسم کا ضرب لگانے کی کوشش کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کریں گے اور اگر اس طرح کی کوئی کوشش کی گئی تو منظم احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے کشمیری تاجر صف آرا ہوں گے جس سے ریاست کی خصوصی پوزیشن کو متاثر ہونے کا خطرہ لاحق ہو۔ ڈار نے کہا ’’ اگر آرٹیکل35Aکے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو مقامی طور پر ایک بڑی ایجی ٹیشن شروع کی جائے گی،جس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے‘‘۔ الائنس کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا’’ اصل میں بی جے پی،زعفرانی برگیڈ کے اس منصوبے پر عمل پیرا ہے،جس کے تحت جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت پر ضرب لگائی جا رہی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ70برسوں سے ’’ایک پردھان،ایک ودھان‘‘ آر ایس ایس کا نعرہ ہے اور اس جماعت کے خاکوں میں رنگ بھرا جا رہا ہے۔ پریس کانفرنس میں کشمیر اکنامک الائنس کے ترجمان اعلیٰ محمد صدیق رونگہ،نائب چیئرمین اعجاز احمد شہدار، اشفاق احمد خان،عمر جاوید خان،شوکت احمد صوفی،شیخ مشتاق،نذیر احمد بٹ اور محمد رفیق وانی بھی موجود تھے۔