دعوتِ اسلام کا مشن حضرت خدیجہؓکے جذبہ ایثارکا مرہونِ منت | شرعی شیعیان ،حقانی ٹرسٹ اورمتحدہ علماء کا خراج عقیدت

نیوز ڈیسک
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے ام المومنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓکے یوم وفات پر فرزندان توحید کو ہدیہ تعزیت پیش کی ۔انہوںنے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حضرت خدیجہؓکا مقام و منزلت کسی سے پوشیدہ نہیں ۔آپؓ دنیائے بشریت کی وہ واحد خاتون ہیں جس نے سب سے پہلے نبی آخر الزمانؐ کو پہچانا جب حضورؐ ابھی بچپن کے دور سے ہی گزر رہے تھے اور جب حضورؐ نے نبوت کا اعلان کیا تو نہ صرف سب سے پہلے اسی برگزیدہ خاتون نے آپ کی نبوت کی تصدیق کی اور ایمان لے آئیں بلکہ عالم عرب کی اس سب سے بڑی مالدار خاتون نے اپنی ساری دولت نبی اکرمؐ کے قدموں میں نچھاور کرکے دعوت اسلام کے مشن کو تقویت بخشی ۔آغا حسن نے کہا کہ دعوت اسلام کا مشن ام المومنین حضرت خدیجہؓکے جذبہ ایثار اور وفا کا مرہون منت ہے۔ ادھرحقانی میموریل ٹرسٹ نے ام المومنین حضرت خدیجہؓ کے یوم وصال پر انہیں خراج عقیدت پیش کیاہے ۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپؓ مکارمِ اخلاق کی پیکرِ جمیل تھیں، رحمدلی، غریب پروری اور سخاوت آپ کی اِمتیازی خصوصیات تھیں۔حضرت خدیجہؓ وہ پہلی عظیم خاتونِ اول ہیں جن پر اِسلام کی حقیقت سب سے پہلے روشن ہوئیں اور انہوں نے حضور نبی کریمؐ کی تصدیق کی اورتبلیغ دین کیلئے اپنی ساری دولت نچھاور کی۔متحدہ علمائے اہل سنت کے رہنمائوں مولانا غلام محی الدین نقیب ، مولانا غلام رسول حامی، مولانا عبدالرشید دائودی ،سید حمید اللہ حقانی، مولانا ریاض الحق نورآبادی، مولانا مبارک حسین نعمانی ،مفتی قمرالدین اویسی، مولانا فیاض احمد رضوی نے گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت خدیجہؓحسن سیرت، اعلی اخلاق، بلند کردار اور شرافت و مرتبہ کی وجہ سے مکہ مکرمہ اور اردگرد کے علاقے میں طاہرہ کے پاکیزہ لقب سے مشہور تھیں ۔انہوں نے کہا کہ محسن اسلام ام المومنین حضرت خدیجہؓ کی سیرت خواتین کیلئے مشعل راہ ہے جنہوں نے ہر دکھ تکلیف برداشت کرکے کلمہ حق کو سر بلند رکھا اور اور خواتین کے لئے ان کی ذات ایک عملی نمونہ ہے۔