دعاء

دعاء مغز عبادت ہے بڑا اعزاز رکھتی ہے
خلوصِ دل سے ہو توطاقتِ پرواز رکھتی ہے
دعاء محبوب ہے رب العلیٰ کو اپنے بندوں کی
بہت مقبول ہوتی ہے رکوع کی اور سجدوں کی
دعاء قرآن کی رونق دعاء یہ جانِ قرآں ہے 
دعاء فرمانِ قرآں ہے دعاء عرفانِ فرقاں ہے
دعاء قرآن کا سہرا دعاء ہے تاج قرآں کا
دعاء ہے حسن قرآں کا دعاء ہے مغز فرقاں کا
دعا انعام ہے، اکرام ہے، اعزاز اور احساں
جہنم سے رہائی خلد میں جانے کا ہے ساماں
دعاء مومن کا ہے ہتھیار اور ہے ڈھال مومن کی
بناتی ہے دعاء یوں زندگی خوش حال مومن کی
دعاء بندوں کو ہر دم شکر کا خُوگر بناتی ہے
دعاء ہی ہے جو مشکل میں ہر اک کے کام آتی ہے
دعاء بندوں کو رب سے قرب کا انعام دیتی ہے
ہو چاہے نیک و بد سب کو بڑا اکرام دیتی ہے
دعاء میں بندۂ ناچیز جب بھی گڑگڑاتا ہے
کرم کو ربِ کعبہ کے بڑا ہی جوش آتا ہے
دعاء میں جو بھی بندہ اپنے رب سے بات کرتا ہے
کرم کی میرا مولیٰ اس گھڑی برسات کرتا ہے 
دعاء بندوں کو عاجز اور عابد ہی بناتی ہے
گناہوں سے بچاتی ہے جہنم سے چھڑاتی ہے
دعاء کرتا ہے جب بندہ تو سب کو بھول جاتا ہے
خدا کو یاد کرتا ہے اُسی سے لو لگاتا ہے
دعاء آدم نے کی، یوسف نے کی، داؤد و موسیٰ نے
دعا یعقوب نے یحییٰ نے کی، اور نوح و عیسیٰ نے
دعاء ہر اک نبی کی ہر گھڑی کرنے کی عادت تھی
یہی اُن کی ریاضت تھی تلاوت تھی عبادت تھی
دعاء ہی ہے عبادت یہ حدیثِ مصطفی حق ہے
کسی کو اس میں کیا شک ہے مدلّل ہے محقق ہے
محمد مصطفیٰ صلِ علیٰ یٰسین و طٓہٰ کو
عطا کر دی کتاب اک شان والی میرے آقا کو
اور اس قرآن میں رکھی سجا کر آیۂ برکت
دعاء کی ایسی سورت جس سے ہوتی دور ہے وحشت
گناہوں کے سبھی درد و الم کی ہے دعاء ہمدم
دعاء کرتے رہو کثرت سے تم کرکے جبیں کو خم
پریشاں حال و مضطر ہونگے سب کے سب قیامت میں
دعاء ہی کے سبب  بخشے گا سب کو رب قیامت میں
کرو حمد و ثنا اور پھر اُس حق تعالیٰ سے
کہ خوشنودی ہو حاصل، مہربانی، سب کو مولیٰ سے
دعاء کرتے رہو اے مومنو تم اپنے مولیٰ سے
نمازِ پنجگانہ میں ہمیشہ اپنے آقا سے
دعاء کا اپنے بندوں کو طریقہ رب نے بخشا ہے
کرو اے مومنو ہر دم دعاء کا یہ طریقہ ہے
دعاء میں اشرفیؔ کو یاد رکھّو مومنوں تم سب
اور رکھّیں گے ہمیشہ یاد تم کو مومنوں ہم سب
 
موبائل نمبر؛08087700272