دریائے سرن میں ریت بجری مافیا سرگرم | جے سی بی مشینوں کے مالکان کیخلاف کارروائی کی مانگ

سرنکوٹ// دریائے سرن میں جے سی بی مالکان و مافیاکی غیر قانونی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے کئی عرصہ بعد ایک رسمی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے جس کے بعد مذکورہ مافیا دوبارہ سے سر گرم ہو جاتا ہے ۔انہوں نے الزام  عائد کرتے ہوئے کہاکہ جے سی بی مشینوں کے مالکان اس مافیا کو چلارہے ہیں جبکہ مبینہ طورپر محکمہ کی ملی بھگت سے اس غیر قانونی عمل کو انجام دیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دریائے سرن بالخصوص دھڑا موڑا اور درابہ علاقہ میں مذکورہ غیر قانونی کام پورے جوش و خروش کیساتھ انجام دیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ٹریکٹر ٹرالیوں کیخلاف تو کبھی کبھی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے لیکن اس مافیا کی اصل جڑ جے سی بی مشینوں کے مالکان ہیں ۔غور طلب ہے کہ دریاے سرن میں مذکورہ نوعیت کی غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے آبی زندگی کو نقصان پہنچنے کیساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کیلئے بھی کئی طرح کی مشکلات پیدا کر دی گئی ہیں ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ درابہ اور دھڑا موڑا میں رابطہ پلوں کے نزدیک سے ریت بجری نکالنے کیلئے مافیا متحرک ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دریا کو بچانے کیلئے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ڈی ایم او جاوید چوہدری نے بتایا کہ پلوں کے نزدیک کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی انجام نہیں دی جاسکتی تاہم اس سلسلہ میں محکمہ کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں ۔