سرنکوٹ// دریائے سرن پر ریت اور بجری نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انتظامیہ کی ٹیم نے کئی گاڑیوں کو ضبط کیا جبکہ یہ غیر قانونی کام کرنے والے افراد ٹیم کے آنے کی خبر ملتے ہی بھاگ نکلے ۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ اور اور ایس ڈی ایم سرنکوٹ کی ہدایت پرنائب تحصیلدار سرنکوٹ عبدالغنی اعوان نے معہ پولیس ٹیم پوٹھہ اور کلر کٹل دریائے سرن پر چھاپے مارے جس دوران یہ پایاگیاکہ غیر قانونی طور پر ریت اور بجری نکالی جارہی ہے جس سے دریا میںبڑے بڑے کھڈے پیدا ہوگئے ہیں۔حالانکہ دریا سے ریت اور بجری نکالنا قانونی جرم ہے لیکن اس کے باوجودیہ کام جاری ہے جس کے نتیجہ میں بارشوں کے دنوں دریا اپنا راستہ تبدیل کرلیتاہے اور 2014کے سیلاب میں اسی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی مچی تھی اور لوگوں کی سینکڑوں کنال اراضی تباہ ہوگئی ۔ نائب تحصیلدار نے بتایاکہ جب وہ موقعہ پر پہنچے تو بیس گاڑیاں اور دو جے سی بی مشینیں کھڑی تھیں تاہم درائیور ٹیم کا سنتے ہی بھاگ نکلے ۔انہوںنے کہاکہ انہوںنے کچھ گاڑیاں نمبر والی اور کچھ نمبر کے بغیر تھیں ۔ نائب تحصیلدار کے مطابق دریا میں کئی مقامات پر بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس سے سیلاب کا خطرہ لاحق ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ریت اور بجری کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ سرنکوٹ میں فوجداری مقدمہ کے تحت قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے اور پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
دریائے سرن سے ریت بجری کا اخراج
