دریائے جہلم اور ندی نالوں سے غیر قانونی طور ریت مٹی نکالنے والوں کو سرکار کا انتباہ

پلوامہ//ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ غلام محمدڈار نے افسران کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں قومی شاہراہ کے پاس غیر قانونی تجاوزات وتعمیرات اورغیر سائینسی طریقے سے دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں سے مٹی ،بولڈر اورریت نکالنے پر روک لگانے کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ان غیر قانونی سرگرمیوںمیں ملوث افراد کو متنبہ کیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ پانپور ،کاکہ پورہ ،اونتی پورہ اورگالندر میں کئی غیر ذمہ دار افراد دریائے جہلم اور ندی نالوں سے ریت ،مٹی اوربولڈر نکال رہے ہیں۔جس سے جہلم کے کناروں کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے ناجائز تجاوزات میں ملوث افراد کومتنبہ کیاکہ وہ اپنی سرگرمیوں سے باز رہیں ورنہ ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ آفیسران کو ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔بعد میں ترقیاتی کمشنر نے ایک اور میٹنگ کی صدارت کے دوران چیف ہارٹیکلچر آفیسر ،تحصیلدار اورمحکمہ مال کے آفیسران کو ضلع میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے میوہ باغات کو ہوئے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دی تاکہ اس سلسلے میں آگے کی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔