سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع میں دریا کی سخت چٹان پر کھدی ہوئی ہندو دیوی دیوتاؤں کی قدیم مورتیاں شہر کا چرچا بن رہی ہیں اور لوگوں کی بڑی تعداد ان مورتیوں کو دیکھنے کے لئے درہالی ندی کے بیچوں بیچ واقع مقام کا رخ کر رہی ہے۔دریا کی سخت چٹان پر تراشی گئی یہ مورتیاں راجوری درہال روڈ پر کیسیاں علاقے میں درہالی ندی کے بیچ میں اور فتح پور گاؤں میں واقع ہیں۔ایک مقامی نوجوان سید شاداب شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ مورتیاں اس جگہ پر کافی عرصے سے موجود ہیں لیکن سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کی تصاویر شیئر ہونے کے بعد یہ شہر کا چرچا بن گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ’’ ہندو دیوتاؤں اور دیویوں کی یہ مورتیاں اہمیت کی حامل معلوم ہوتی ہیں کیونکہ دریا کے عین وسط میں واقع ایک سخت پتھریلی چٹان پر تراشی گئی ہیں اور ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ ماہرین کے ذریعے اس سائٹ کی صحیح جانچ کرائی جائے اور اس سائٹ کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے ۔سرپنچ لیاقت علی نے بتایا کہ گاؤں کی پوری آبادی مسلمان ہے اور ایک بھی ہندو خاندان نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’’حال ہی میں ہم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس سائٹ کی تصاویر شیئر کیں جس کے بعد یہ سائٹ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کررہی ہے جبکہ تصویروائرل ہو گئی اور اب بہت سے لوگ اس سائٹ کی سیر کررہے ہیں‘ ۔سرپنچ لیاقت علی نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس جگہ کو مذہبی سیاحت کے نقشے پر لائے۔انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ ڈپٹی کمشنر راجوری کے سامنے لانے کے بعدانہوں نے اس معاملے میں گہری دلچسپی لی ہے اور توقع ہے کہ ماہرین کی ایک ٹیم جلد ہی علاقے کا دورہ کرے گی۔علاقے کے ایک معروف کارکن وشال شرما نے کہا کہ ان مورتیوں کی تاریخ کے بارے میں صرف ماہرین ہی بات کر سکتے ہیں لیکن پھر بھی ہم سمجھتے ہیں کہ یہ تین شیو لنگم ہیں یا دیوی ویشنو کے مورت ہیں۔