درہ میں پانی کی سپلائی لائنیں بچھانے کا عمل جاری

 تھنہ منڈی // تھنہ منڈی سب ڈویژن کے دور دراز پہاڑی گاؤں درہ میں محکمہ آب رسانی کی جانب سے نئی پاپئیں بچھانے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ اس سلسلے میں مکینوں نے متعلقہ محکمہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے بچھائی جانے والی نئی پائپ لائنیں ان کیلئے بہت فائدے مند ثابت ہوں گی اور اس طرح برسوں پرانی پائپوں کی جگہ نئی پاپئیں لگانے سے عوام کو راحت پہنچانے کا عمل جاری ہے جس کیلئے وہ محکمہ جل شکتی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ڈیوٹی پر مامور محکمہ کے سپروائزر ممتاز حسین خان نے بتایا کہ محکمہ کی کوشش ہے کہ زرعی زمینوں میں پاپئیں زمین کے نیچے دبائی جائیں تاکہ کسانوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔علاوہ ازیں یہ پاپئیں بعد میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے بھی محفوظ رہیں گی۔ لائن فیٹر محمد شریف لوہار اور لائن مین عبدالرشید چوہدری نے پنچایت برہون درہ کے وارڈ نمبر چھ اور سات میں کام کے دوران بتایا کہ نئی پائپ لائن بچھانے کے بعد گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی قلت دور ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ مذکور کی جانب سے نئی پائپ لائن بچھانے کا عمل شد و مد سے جاری ہے جس کے تحت گھر گھر نل پہنچا کر لوگوں کیلئے آسانی پیدا کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کام کی سراہنا کی۔