درہال //درہال قصبہ میں تقریباً دس ہزار کنال آبی اراضی کو سیراب کرنے کے لئے نکالی گئیں تین نہروں کی مرمت نہ ہونے سے کسان تشویش مند ہیں ۔انہوںنے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ چیکا ل نہر، سیری نہر اور ریکی باں نہرکی مرمت اب تک نہیں کی گئی ہے جس سے تقریبا ًدس ہزار کنال اراضی کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے ۔ ذوالفقار احمد، اعجاز مرزااور شفقت احمد نے کہاکہ محکمہ ایری گیشن غیر ضروری کاموں پر پیسہ خرچ کرکے سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے ہڑپ کررہا ہے جو نہایت ہی افسوسناک ہے جبکہ عوام کو اراضی کو سیراب کرنے کے لئے پانی کی عدم فراہمی سے نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار خاص کر ڈپٹی کمشنر راجوری کو اس حوالے سے مداخلت کرکے محکمہ کے ذمہ داران کو ہدایت دینی چاہئے کہ کسانوں کونقصان سے بچانے کیلئے اقدام کریں ۔ جب اس ضمن میں ایگزیکٹوانجینئر محکمہ ایری گیشن سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ابھی تک تینوں نہروں کی مرمت کا کام نہیں ہوا ہے تاہم جلد ہی کام شروع کیا جائے گا ۔