درہال کو سازش کے تحت نظرانداز کرنیکا الزام

 درہال//کانگریس کے کارکنان کا ایک اجلاس زیر صدارت محمد اقبال ملک منعقد ہواجس میں اس بات کافیصلہ لیاگیاکہ مقامی عوامی مسائل پر 8فروری کو ہڑتال اور مظاہرے کئے جائیںگے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اقبال ملک نے حلقہ انتخاب کے کوٹرنکہ ، کنڈی ، بکوری اور پھلنی کادورہ کرکے لوگوںکے مسائل سنے اور پھر درہال میں ایک اجلاس منعقد کیا ۔اس موقعہ پر کارکنان نے بتایاکہ درہال کے لوگوں کو مشکلات کاسامناہے اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ اپنے خطاب میں اقبال ملک نے کہاکہ وہ افسران کو متنبہ کرتے ہیں کہ عوام کو کسی خاص پارٹی یا گروپ سے منسلک ہونے کی بناپر سہولیات اور مراعات نہ دیں اور ان لوگوں کو نظرانداز نہ کریں جنہوںنے پی ڈی پی یا بی جے پی کو ووٹ نہیں دیا ۔انہوںنے کہاکہ اگر یہ سلسلہ جاری رہاتو وہ سڑکوں پر اتر آئیںگے اور پھر عوام کے سیلاب کو روکنا مشکل ہوگا۔ انہوںنے درہال میں راشن ، پانی ، بجلی اور دیگر بنیادی مسائل حل کرنے کی مانگ کی ۔ملک نے الزام عائد کیاکہ درہال کو ایک سازش کے تحت نظرانداز کیاجارہاہے ۔ ان کاکہناتھاکہ راجوری پونچھ میں ہر جگہ کالج دیئے گئے مگر درہال کو اس سے محروم کردیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ درہال میں سیاحتی ترقی کی بہت زیادہ صلاحیت ہے اورمرگوں اور سروں سمیت کئی ایسے دلکش مقامات ہیں جن کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پید اکئے جاسکتے ہیں مگر حکومت اس علاقے کیلئے کچھ کرناہی نہیں چاہتی ۔ان کاکہناتھاکہ یہاں کی سڑکوں کا حال ہی خراب ہے ۔انہوںنے کوٹرنکہ کیلئے اے ڈی سی پوسٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عوام کے حق میں قرار دیا۔اس موقعہ پر کرامت ملک ،سابق سرپنچ ارشاد ملک،سابق سرپنچ عبدالرشید،یوتھ صدر کانگریس عمر دراز ،ہادی نور ملک،محمد اعظم ملک،محمد کبیر ملک، محمد افضل لون،حاجی یعقوب،عبدالرشید ملک وغیرہ بھی موجود تھے ۔ آخر پر یہ فیصلہ لیاگیاکہ مقامی مطالبات کے حق میں درہال کی عوام 8فروری سے درہال بند کرکے ہڑتال اور مظاہرے شروع کرے گی ۔