یو این آئی
سرینگر//جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے درگاہ حضرت بل میں تعینات سبھی افسران اور دیگر ملازمین کو سنگین غفلت برتنے کی پاداش میں معطل کرنے کے احکامات صادر کئے۔ چیئرپرسن کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔جموں وکشمیر وقف بورڈ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ عید میلاد النبیؐ کے روز وقف چیئرپرسن نے درگاہ حضرت بل کا اچانک دورہ کیا جس دوران وہاں پر موجود عقیدتمندوں نے انہین وقف ملازمین کی غفلت کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔لوگوں نے بتایا کہ درگاہ میں تعینات وقف افسران اور ملازمین عقیدتمندوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔چیئرپرسن نے لوگوں کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے درگاہ میں تعینات وقف بورڈ کے سبھی افسران اور ملازمین کو فوری طورپر معطل کرنے کے احکامات صادر کئے۔ اندرابی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ ملوثین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔