درگاہ حضرتبل میں ڈاکٹر فاروق نے حاضری دی

 سرینگر//معراج النبی ؐ کی اختتامی تقریب کے موقعہ پر نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے درگاہ حضرتبل میں حاضری دی اور نمازِ فجر وہیں ادا کی۔ انہوں نے وہاں عالم اسلام کی سربلندی، عالم انسانیت کی بقاء، ریاست میں مکمل امن و امان ، لوگوں کی خوشحالی ، مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور کشمیری قوم مصائب ، مشکلات اور مظالم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات پانے کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ لوگوں سے بھی ملاقی ہوئے اور عام شہریوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں سے نجات پانے کیلئے اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر ان آزمائشوں سے نجات کیلئے دعائیں مانگیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شب معراج میں ہمارے پیغمبر آخرزمانﷺ محسن کائنات رحمت العالمین کو اللہ نے اپنے قدرتی آثار اور راز الٰہی سے آگاہ کیا اور اللہ نے حضرت رسول مقبولﷺ کو افضل تحائف عطا کیں۔ جن میں خاص کر ایک عظیم الشان تحفہ فرضیت پنجگانہ نمازیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، اسلام کی بدولت ہی دنیا میں جہالت ، گمراہی ، دختر کشی، بت پرستی ، اونچ نیچ، گورے کالے، رنگ نسل کا تمیز مٹ گیا اور ایک صالح نظام کی بنیاد پڑگئی۔انہوںنے کہاکہ اسلام اخوت، پیار محبت، عدل وانصاف ، مساوات ، بھائی چارہ کا درس دیتا ہے ۔