درپیش چیلنجز کا متحد ہوکر مقابلہ کرناہوگا:تانترے

پونچھ//سابق ممبر قانون ساز اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی رہائش گاہ پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں حویلی پونچھ حلقہ انتخابات کے مختلف علاقہ جات کے لوگوں نے شرکت کی۔اس اجلاس کے دوران 22افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں کو خیر آباد کہہ کر پی ڈی پی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس دوران شاہ محمد تانترے اور پی ڈی پی کے اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔ لیڈران نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اپنے خطاب میں تانترے نے کہا کہ پی ڈی پی ہر اس شخص کا خیر مقدم کریگی جو جموں وکشمیر کے مفادات ، خصوصی پوزیشن اور مذہبی ہم آہنگی کے تئیں سنجیدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل جل کر ریاست کو درپیش چیلنجوں سے نجات دلانا ہوگی اور اس کام کیلئے نوجوانوں کا رول انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی واحد جماعت ہے جو ریاست جموں و کشمیر کی عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ جموں و کشمیر میں امن بحال رہے اس کے لئے جماعت نے ہر ممکن کوشش کی ہے اور مستقبل میں بھی وہ ریاست کی ترقی کے لئے اقدام اٹھاتے رہے ہیں۔انہوں نے اس موقعہ پر پارٹی میں شامل ہونے والے تمام افراد کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے آنے سے پی ڈی پی مزید فروغ پائے گی۔انہوں نے اس موقعہ پر موجود تمام پارٹی کارکنان و لیڈران سے اپیل کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل آوری کے لئے ہر ممکن کوشش کریں اور لوگوں کو اپنے ساتھ جوڑکر پی ڈی پی جماعت کو مضبوط بنائیں۔