درماندہ کشمیریوں کی واپسی

سرینگر//ملک کی مختلف ریاستوں میں درماندہ کشمیریوں کو وادی واپس لانے کیلئے اقدامات کرنے کی نیشنل کانفرنس کی وزیراعظم اور وزیرداخلہ سے باربار کی اپیلوں پر غور نہ کرنے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے رکن پارلیمان محمداکبر لون نے کہا کہ  اس سے یہ درماندہ لوگ مایوسی اور  پریشانی میںمبتلاء ہوگئے ہیں ۔کے این ایس کے مطابق ایڈوکیٹ محمداکبر لون نے کہاکہ وادی سے تعلق رکھنے والے طلاب،مفلوک الحال مزدور،تاجراوردیگر لوگ مختلف ریاستوں میں کسمپرسی کی حالات میں فاقہ کشی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی ساری پونجی وہاں ختم ہوچکی ہے اور وہ دردرکی ٹھوکریں کھارہے ہیں ۔لون نے کہا کہ مرکز نے کشمیر کے تئیںسخت گیر پالیسی جاری رکھتے ہوئے ہماری اپیلوں پر ابھی تک کوئی غور نہیں کیا۔ایڈوکیٹ محمداکبر لون نے وزیراعظم سے ایک بار پھر اپیل کی کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں درماندہ کشمیریوں کو وادی لانے کیلئے اقدام کئے جائیں۔