درد اور فالج کے دیکھ بال کا شعبہ | ہر ضلع اسپتال میں 10بستروں پر مشتمل یونٹ قائم ہوگا

پرویز احمد
سرینگر // ہر ضلع اسپتال میں درد اور فالج کی بیماریوں کی دیکھ بال کے شعبہ کو شروع کرنے کیلئے ڈاکٹروں کو درکار تربیت فراہم کرنے کیلئے انڈین ایسوسی ایشن آف پین اینڈ پیلیٹیو کیئر نے جموں و کشمیر کی شاخ کا قیام عمل میں لایا ہے۔ ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر روہیت لاہوری کو صدر اور ڈاکٹر نصرت جہاں کو بطور جنرل سیکریٹری منتخب کیا ہے۔ نومنتخب جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نصرت جہاں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اس سے قبل جموں و کشمیر کے ڈاکٹروں کو درد اور فالج کی دیکھ بال کی تربیت حاصل کرنے کیلئے بیرون ریاست جانا پڑتا تھا اور وہ تربیت آئی اے پی سی کراتی تھی۔‘‘ ڈاکٹر نصرت نے بتایا کہ اب جی ایم سی سرینگر اور گاندھی نگر جموں میں قائم سینٹروں میں ڈاکٹروں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ ڈاکٹر نصرت کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کو مرکزی اسکیم کے تحت ہر اسپتال میں درد اور فالج کے علاج کا شعبہ قائم کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ ہر اسپتال میں 10بستروں پر مشتمل ہوگا اور اس شعبہ میں تعیناتی کیلئے محکمہ صحت کے 100ڈاکٹروں کو تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ مریضوں کو دور دراز علاقوں سے شہر علاج و معالجہ کیلئے نہ آنا پڑے۔ ڈاکٹر نصرت نے بتایا کہ اس سے کینسر، گردوں کی تکلیف میں مبتلا مریضوں اور دیگر امراض کی وجہ سے درد میں مبتلا مریضوں کو نزدیکی اسپتال میں علاج و معالجہ کی سہولیات دستیاب ہوگی۔ ڈاکٹر نصرت کا کہنا ہے کہ ہمیں ڈاکٹروں کو تربیت فراہم کرنے کیلئے قومی سطح کے ایسوایشن سے مالی معاونت بھی فراہم ہوگی جو پہلی نہیں ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح کی ایسوسی ایشن نے پہلی مرتبہ ازخود عہدیداروں کی تعیناتی کی ہے جو تین سال تک جموں و کشمیر کے ہر اسپتال میں شعبہ درد و فالج پر نگرانی رکھنے کے علاوہ ڈاکٹروں کو تربیت فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تین سال بعد انتخابات کے ذریعے جموں و کشمیر میں آئی پی اے سی کی شاخ کے عہدیداروں کا انتخاب ہوگا۔