درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ

سرینگر // موسم بہتر ہونے کے نتیجے میں جموں وکشمیر میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور مئی کی گرمی مارچ میں محسوس ہونے لگی ہے ۔وادی اور جموں میں جمعرات کے رواں موسم کا گرم ترین دن ثایت ہوا ہے۔ وادی میں دن کا درجہ حرارت 25.4 ریکارڈ کیا گیا جو معمول کے درجہ حرارت سے  10ڈگری کا اضافہ ہے۔جبکہ جموں میں درجہ حرارت 35ڈگری تک پہنچ گیا ہے اور جمعرات کا دن جموں میں بھی وادی کی طرح رواں موسم کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیاہے۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 19 مارچ کی شام کو کچھ ایک علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوں گی جس کے بعد درجہ حرارت میں معمولی کمی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ 19 مارچ کو چھوڑ کر اگلے کچھ وقت کیلئے وادی میں موسم بدستور خوشگوار رہے گا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مارچ میں درج ہونے والا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مئی کے آخری دنوں میں ریکارڈ ہونا چاہئے تھاتاہم بارشیں ہونے کی وجہ سے اس میں بہتری آسکتی ہے ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ امسال مارچ کا مہینہ گذشتہ برسوں کے مقابلے میں بہت خشک رہا۔ مغربی ہوائوں کا زیادہ اثر نہیں رہا اور درجہ حرارت میں بھی قدرتی طور راضافہ ہوتا گیا۔انہوں نے کہا کہ وادی میں مارچ اور اپریل کے مہینے بارشوں کے مہینے ہوتے ہیں اور ان میں سب سے زیادہ بارشیں ہوتی ہیں لیکن امسال موسمیاتی تبدیلی کا اثر شاید زیادہ ہی پڑا ہے اورابھی تک 15روز میں بارشین بہت کم ہوئیں اور اگلے دو ہفتوں تک بھی بارشیں ہونے کا امکان بھی کم ہی دکھائی دے رہا ہے۔نہ صرف دن کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے بلکہ شبانہ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ ہی درج ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو سرینگر میںدن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.4ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں 24.4 ،پہلگام میں 22.5  ،کپواڑہ میں 27.7، کوکرناگ میں 23.7ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا  ۔ادھر جموں میں دن کا درجہ حرارت 35ڈگری سلسیش تک پہنچ گیا ہے ،جبکہ بانہال میں 25.6 ، کٹرہ 32.6ڈگری اور کٹھوعہ میں 28.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا  ۔