دراندازی کی تازہ کوشش ایجنسیوں کے خدشے کی تصدیق

راجوری//بالاکوٹ کے ہمیر پور علاقے میں لائن آف کنٹرول پر جنگجوؤں کی طرف سے کی گئی دراندازی کی تازہ کوشش نے خفیہ ایجنسیوں کے خدشات کو درست ثابت کیا ہے ۔کچھ عرصہ قبل سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ سردی شروع ہوتے ہی حدمتارکہ پر دراندزی کی تازہ کوششیں ہو سکتی ہیں جس کے بعد سیکورٹی کے اعلیٰ ترین انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے کہا گیا تھا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیر عظمیٰ نے پہلے ہی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ذریعہ جاری کردہ ایک سیکورٹی الرٹ کے بارے میں اس خدشے کے ساتھ اطلاع دی تھی کہ عسکریت پسند تنظیمیں لائن آف کنٹرول سے عسکریت پسندوں کو دھکیلنے کی کوشش کر سکتی ہیں جس کیلئے آنے والے دنوں میں دراندازی کی متعدد کوششیں کی جا سکتی ہیں۔اس سیکورٹی الرٹ میںانٹیلی جنس ایجنسیوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ عسکریت پسند تنظیمیں زیادہ سے زیادہ عسکریت پسندوں کو دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہیں اور اس طرح کی دراندازی کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے انتہائی چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔دریں اثناء راجوری اور پونچھ اضلاع کی حدود میں واقعبہ بھمبر گلی سیکٹر کے بالاکوٹ ہمیر پور فارورڈ علاقے میں لائن آف کنٹرول پر کی گئی دراندازی کی کوشش نے ایجنسیوں کے خدشے کی تصدیق کر دی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دراندازی کی یہ کوشش عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کی طرف سے کی گئی تھی جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہان کی تعداد 3 سے 4 تھی لیکن مذخورہ علاقوں میں تعینات فوجی اہلکاروں کی جانب سے اس پیش رفت کو روک دیا گیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں تلاشی کے دوران دراندازوں کا کچھ سامان ملا جس میں پاکستانی کرنسی کے 3000 روپے، اے کے 47رائفل کا ایک میگزین اور کچھ گولہ بارود شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ باز یاب ہونے والا مواد غالباً دراندازوں نے جلدی میں اس وقت گرا دیا جب وہ واپس بھاگ رہے تھے جبکہ جائے وقوعہ پر پائے جانے والے کچھ نشانات سے ان کی طرف سے کچھ زخموں کا اشارہ بھی ملتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دراندازی کی اس تازہ کوشش کے بعد انٹیلی جنس ایجنسیوں نے متعلقہ اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لائن آف کنٹرول پر سب سے زیادہ چوکسی برقرار رہے ۔دراندازی کی اس تازہ کوشش کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے الرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکورٹی گرڈ پر تمام اقدامات اٹھائے گئے ہیں جبکہ لائن آف کنٹرول پر دراندازی کے تمام بدنام راستوں کی انسانی اور تکنیکی دونوں طریقوں سے نگرانی کی جارہی ہے ۔قبل ازیں پیر کو فوج نے ایل او سی پر دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے بعد کہا تھا کہ فوج پاکستان کے سپانسر شدہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم سے چوکس ہے اور ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے۔