دراندازی صفر تک پہنچ گئی

نئی دہلی// فوجی سربراہ لیفٹیننٹ جنر ل منوج مکند نروانے، نے کہا ہے کہ کشمیر میں فوج کو جو کامیابیاں مل رہی ہیں ،اس سے پاکستان اور ان کے معاونین کو مایوسی ہورہی ہے۔  نئی دہلی میں ایک تقریب کے حاشیہ پر فوجی سربراہ نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کے لئے کسی بھی جگہ کسی بھی طرح کی کارروائی کرنا کوئی مشکل نہیں ہے۔ نروانے کہا کہ فوج وادی کشمیرمیں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور بہت جلد وادی کو جنگجوئوں سے پاک قراردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے معاونین جو کشمیر میں موجود ہیں فوج کی کامیاب کارروائیوں سے بہت مایوس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج ایک حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے اور ہماری پہلی کوشش یہ ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کسی بھی طرح کی دراندازی پر قابو پانا ہے اور اس میں فوج بڑی حد تک کامیابی بھی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ دراندازی صفر تک پہنچ گئی ہے کیوں کہ سرحدوں پر تعینات فوج مستعد اور چوکس ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرحدی پر ایسے آلات نصب کئے گئے ہیں جس سے دراندازی کی کوششیں ناکام بنائی جاتی ہے۔ نروانے نے کہا کہ نوجوانوں کی جانب سے بندوق اْٹھانے کے رجحان میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔ بندوق اْٹھانے کا مطلب موت کو گلے لگانے کے مترادف ہے۔ انہوںنے کشمیری نوجوان کافی ذہین اور محنتی ہیں ان کو نہیں چاہئے کہ وہ کسی بہکاوے میں آکر ہتھیار یا پتھر اْٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ کشمیری نوجوان ریاست کی تعمیر و ترقی کیلئے اور امن کی فضاء قائم کرنے کیلئے مین سٹریم میں شامل ہوکر اپنا مستقبل سنواریں گے۔