درابشالہ میں ریچھ کے حملے میں شہری لقمہ اجل

عاصف بٹ

کشتواڑ //منگل کی صبح کشتواڑ ضلع کے درابشالہ علاقہ میں جنگلی ریچھ کے حملے میں ایک 27 سالہ شخص کی موت واقع ہوگئی۔ کشمیر عظمی کو ملی تفصیلات کے مطابق درابشالہ علاقے کے ہالندر جنگلات کے قریب اس وقت کالے جنگلی ریچھ نے محمد چیریا نامی شخص پر حملہ کرکے اسے لہولہان کردیا جب وہ اپنے مال مویشی کے ساتھ موجود تھا ۔واقعے کے دوران آس پاس موجود دیگر لوگوں کے تعاقب کے بعد ریچھ جنگل کی طرف بھاگ گیا۔ مقامی لوگوں نے اُسے شدید زخمی حالت میںفوری طور ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا ۔مذکورہ شخص کی شناخت چیریا ولد قاسم دین سکنہ لوندری سروڑ کے طور ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے فوری طور علاقے میں وائلڈ لائف ٹیموں کو متحرک کرنے کی اپیل کی ہے اور مارے گئے شخص کے لواحقین کو فوری طور معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔