دارالعلوم محمودیہ مینڈھر میں شعبہ بزم حمد و نعت کا سالانہ اجلاس

جاوید اقبال

مینڈھر //دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر ضلع پونچھ کے شعبہ بزم حمد و نعت کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اندرونی مسابقہ کے بعد منتخب شدہ 30 طلباء نے حصہ لیا اور حمد و نعت اور منقبت صحابہ پر مشتمل اشعار گنگنائے۔ اس اجلاس میں علاقے کی مقتدر علمی ادبی سیاسی سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی اور اپنی نیک خواہشات اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔پروگرام میں سابقہ ایم ایل اے مینڈھر جاوید احمد رانا ،ضلع ترقیاتی کونسل پونچھ کے وائس چیئر مین اشفاق چوہدری ،ماسٹر اسحاق خیال، سوشل ویلفیئر آفیسر ظہور احمد ، ماسٹر پرواز احمد، سرپنچ شارق خان، سرپنچ آفتاب احمد ، سرپنچ سعید چوہدری ، جے ای نصیر خان ، سرپنچ چوہدری نصیر اور مختلف مدارس کے سربراہان اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر دارالعلوم محمودیہ کے مہتمم مولانا فتح محمدنے شعبے کے ذمہ دار استاذ مفتی محمد اسد اللہ اور تمام شریک طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور سامعین کو محبت نبوی اور سنت نبوی کو اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم روح کائنات ہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر قیامت کے دن حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت چاہیے تو کم از کم روزانہ صبح اور شام کو دس دس مرتبہ درود شریف کا اہتمام کریں ورنہ اصل تو یہ ہے کہ جتنا بھی زیادہ سے زیادہ آپ پڑھ سکیں اتنا پڑھنے کا اہتمام کریں۔