دارالخیر نے نواکدل آتشزدگان میں امداد تقسیم کی

 سرینگر//دارالخیر میرواعظ منزل کے سرپرست اعلیٰ اور حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے بلبل لنکر اور تارہ بل نواکدل سرینگرمیں آگ کی ایک بھیانک واردات میں نصف درجن رہائشی مکانات کے خاکستر ہونے اور بڑے پیمانے پر املاک و جائیداد کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اوران کی فوری باز آبادکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اس دوران میرواعظ کی ہدایت پر دارالخیر کے عہدیداروں اور کارکنوں پر مشتمل وفد نے آتشزدگان میںچاول ، کمبل اور کچن کٹ(Kitchen kit) وغیرہ اور بنیادی ضروریات کی چیزیں فراہم کیں اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔جیسا کہ ملت کشمیر واقف ہے کہ دارالخیر میرواعظ منزل اپنے قیام کی مدت سے لیکر آج تک برابر اپنے مخلصین کی مالی اور جنسی معاونت سے برا بر آفات سماویہ و ارضیہ کے دوران بلا امتیاز مذہب و ملت متاثرین کی حتی المقدور امداد اور بحالی کیلئے اپنی کوششوں میں مصروف عمل ہے ۔ اس ضمن میں دارالخیر میرواعظ منزل اہل ثروت حضرات سے ماضی کی طرح اس ملی ادارے کی ہر ممکن مدد اور معاونت کی اپیل دہرائی ہے۔