داخلہ سیکریٹری کی سربراہی میں مرکزی ٹیم

 نئی دہلی//جنگجوئیانہ سرگرمیوں ،دراندازی اورسرحدی کشیدگی کاجائزہ لینے کیلئے مرکزی داخلہ سیکرٹری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی ٹیم 26مارچ کو وادی کے دورے پر آرہی ہے۔مرکزی ٹیم سرینگر میں دو روزہ قیام کے دوران سلامتی کی صورتحال ،وزیراعظم ترقیاتی پیکیج کی عمل آوری اورپنڈتوں ورفیوجیوں کی بازآبادکاری کا جائزہ لے گی ۔معلوم ہواکہ مرکزی داخلہ سیکرٹری راجیوگوباسرینگرمیں اعلیٰ سطحی میٹنگوں  میں داخلی سلامتی کے کئی معاملات کا جائزہ لیں گے۔معلوم ہوا ہے کہ ٹیم سرحدی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کرے گی کیونکہ گولہ باری سے نہ صرف ہندو پاک کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ موسمی صورتحال بہترہونے کے پیش نظرسرحدپارسے دراندازی کے واقعات میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ 26اور27مارچ کو قیام کے دوران مرکزی ٹیم کشمیروادی کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کیساتھ ساتھ تعمیراتی اورترقیاتی پروجیکٹوں پرکام کی رفتارکابھی تفصیلی جائزہ لے گی ۔بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکام کوپہلے ہی یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وزیراعظم ترقیاتی پیکیج کے تحت ہاتھ میں لئے گئے کاموں ،پروجیکٹوں ،جموں میں مقیم مہاجرپنڈتوں اورمغربی پاکستان سے تعلق رکھنے والے رفیوجیوں کی بازآبادکاری کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں مکمل جانکاری دستیاب رکھیں تاکہ ان پروجیکٹوں اوراقدامات کوروبہ عمل لائے جانے کی رفتارکااندازہ لگایاجاسکے ۔یہ بھی بتایاجاتاہے کہ ریاستی بیوروکریسی کویہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مختلف پروجیکٹوں اوراسیکموں کی عمل آوری کیلئے درکارمرکزی معاونت کے بارے میں بھی رپورٹ مرتب کریں تاکہ مالی معاونت کوجلدسے جلدواگزارکیاجاسکے ۔