خون کے ہر قطرے کا بدلہ لیا جائیگا: لیفٹیننٹ گورنر | جنگجوئوں اور ان کے ہمدروں کوچھوڑیں گے نہیں

  سرینگر//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہعام شہریوں کی ہلاکتوں کے ہرخون کے قطرے کا بدلہ لیا جائیگا اورجنگجوئوں اور ان کے ہمدردوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام 'عوام کی آواز' میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی امن اور سماجی و اقتصادی ترقی اور لوگوں کی انفرادی ترقی میں خلل ڈالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میں شہید شہریوں کو دلی خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں‘‘۔انہوں نے کہا’’ہم تیز رفتار ترقی کے لیے پرعزم ہیں اور جموں و کشمیر کو ایک خوشحال اور پرامن یوٹی بنانے کی کوشش کریں گے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سیکورٹی اہلکاروں کو یاد رکھیں ،جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔انہوں نے مزید کہا ، "جب ہم اگلے مہینے دیوالی کے چراغ جلاتے ہیں تو آئیے سیکورٹی فورسز کے شہداء کی یاد میں ایک چراغ روشن کریں ،جنہیں وقت سے پہلے انسانیت کے دشمنوں نے ہم سے چھین لیا ‘‘،جوپونچھ ضلع میں حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے خلاف ایک مہلک ترین آپریشن میں فوج کے نو اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے ونپوہ  میں ہوئی ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو قتل کرنے کے واقعہ سے دل افسردہ ہوا ہے۔’’ میری سبھی ہمدردیاں لواحقین کیساتھ ہیں،ہمارے سیکورٹی فورسز تشدد کرنے والوں کو بھر پور جواب دیں گے، جموں کشمیر کی سرکار متاثرہ خاندانوں کیساتھ ہے‘‘۔