خون کے عطیے کاقومی دن ، لل دید ہسپتال میں کیمپ کا افتتاح

سری نگر//صحت و طبی تعلیم محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری اتل ڈولو نے کل نیشنل والنٹری بلڈ ڈونر ڈے کے ایک حصے کے طور لل دید ہسپتال سرینگر میں خون کا عطیہ دینے کے ایک کیمپ کا افتتاح کیا ۔ اس کیمپ کا اہتمام جے اینڈ کے سٹیٹ ایڈز کنٹرول سوسائیٹی نے لل دید ہسپتال کے اشتراک سے کیا تھا ۔ اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اتل ڈولو نے بلڈ بنکوں میں خون کی مناسب مقدار دستیاب رکھنے کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے اس طرح کے رضا کارانہ کیمپ منعقد کرانے میں ریاستی حکومت کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا تا کہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے ۔ جموں کشمیر ایڈز کنٹرول سوسائیٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر مشتاق احمد راتھر نے خون کا عطیہ دینے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے رضا کارانہ کام کیلئے از خود آگے آئیں ۔بعد میں مہمانِ خصوصی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا ۔