خورشید گنائی کا ڈگری کالجوں میں تعلیم کے معیار میں بہتری لانے پر زور

سر ی نگر //گورنر کے صلاحکار خورشید احمد گنائی نے ریاست کے کالجوں میں تعلیم کے معیار میں بین الاقوامی سطح کا معیار قائم کرنے پر زوردیا ہے۔ کشمیر اور لداخ خطہ کے ڈگری کالجوں کے پرنسپلوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مشیر نے طلباء میں سائنسی مزاج پیدا کرنے اور انہیں اختراع کی طرف کانفرنسوں، سیمناروں اور مباحثوں کے ذریعے راغب کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا تا کہ اُن کی صلاحیت میں اضافہ ہوسکے۔میٹنگ میں اعلیٰ تعلیم محکمہ کے کمشنر سیکرٹری ، ڈائریکٹر کالجز، ڈائریکٹر پلاننگ، فائنانشل ایڈوائزر اور دونوں صوبوں کے کالجوں کے پرنسپلوں نے شرکت کی۔خورشید گنائی نے این اے اے سی ایکریڈیٹیشن سے متعلق تمام لوازمات پورا کرنے پر زور دیا تا کہ بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لئے رقومات کو استعمال میں لایا جاسکے اور مزید مالی معاونت فراہم ہوسکے۔انہوں نے مختلف کالجوں میں بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے لئے منصوبہ تشکیل دینے اور خامیوں کو دُورکرنے کے لئے لازمی اقدامات کرنے پر زور دیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ تمام کالجوں میں کھیل کود سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جائے گا جس کے لئے انہوں نے پرنسپلوں کو ضروریات سے متعلق منصوبے تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے تربیتی ورکشاپوں کے ذریعے اساتذہ کی صلاحیت سازی میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا۔میٹنگ میں امتحانات کو وقت پر منعقد کرانے، نتائج اور امتحانی شیڈول کے بروقت اعلان جیسے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔صلاحکار موصوف دربار مؤ کے بعد جموں میں بھی ایسی ہی میٹنگ کا انعقاد کریں گے۔