پونچھ //گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کیا ۔ اُن کے ہمراہ سکولی تعلیم کے ناظم اور محکمہ خوراک کے ڈائریکٹر بھی تھے ۔ دورے کے دوران مشیر موصوف نے تمام ضلع افسران کی موجودگی میں ایک عوامی دربار منعقد کیا ۔ دربار کے دوران 17 وفود مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راہول یادو ، اے ڈی ڈی سی عبدالحمید ، اے ڈی سی کرشن لال ، ایس ایس پی رومیش کمار انگرال ، اے سی ڈی ، ایس ڈی ایم ، سرنکوٹ اور مہینڈر ، تحصیل دار منڈی ، مہینڈر اور حویلی کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ عوامی وفود میں سماج سے تعلق رکھنے والے طبقہ ہائے فکر کے نمائیندوں نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مطالبات سے روشناس کیا ۔ عوامی وفود نے بنیادی ضرورت کی چیزوں اورسہولیات کے مطالبات پیش کئے جن میں پانی ، بجلی اور سڑکوں کی فراہمی شامل تھی ۔ چئیر مین میونسپل کونسل پونچھ سنیل شرما نے پونچھ کونسل کو درکار رقومات کا مطالبہ کیا ۔ بار ایسوسی ایشن کے نمائیندوں نے منی سیکرٹریٹ قلع اور ٹاؤن ہال کے علاوہ پونچھ میں یونیورسٹی کیمپس پر جاری کام کو مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سول سوسائیٹی پونچھ نے مختلف محکموں میں کیجول ملازمین کی ملازمتوں کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے جسمانی طور ناخیز افراد کو فراہم کئے جا رہے پنشن کی رقم میں اضافہ کرنے ، سکھوں کااقلیتی درجہ دینے اور بے روز گار نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مختلف سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے کئی نمائندوں نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اُن میں سابق ایم ایل سی شہناز گنائی بھی شامل تھیں ۔ منڈی ، مہینڈر ، بالا کوٹ اور سرنکوٹ کے کئی وفود بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں عوامی اہمیت کے حامل کئی مطالبات پیش کئے ۔ ڈگری کالج پونچھ کے طلاب کا ایک وفد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور مختلف تعلیمی سہولیات سے متعلق مطالبات پیش کئے ۔ خورشید احمد گنائی نے تمام وفود کے مطالبات بغور سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کو گورنر کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ نئے منتخب شدہ میونسپلٹی کے ممبران کے ساتھ مشترکہ طور کام کر کے علاقے کی ترقی یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ برف سے ڈھکے علاقوں میں پانی ، بجلی اور راشن کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے نگران کمیٹیاں تشکیل دیں تا کہ موسمِ سرما کے دوران ان علاقوں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ایک عوامی وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے خورشید گنائی نے کہا کہ عوامی نمائیندوں اور سماجی کارکنوں کو مشترکہ طور ان علاقوں میں تعلیم کو مقبول بنانے اور ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئیں ۔