خورشید گنائی نے صوفی میگزین’’ وجد‘‘ کا اجراء کیا

جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کہا ہے کہ ریاست کے لوگ انسانیت کی اصلیت کو سمجھنے کے لئے صوفی ازم کی پیروی کرتے ہیں اور صوفی روایات یہاں کی عام زندگی پر کافی اثر انداز ہوتی ہیں۔صوفی میگزین ’’وجد‘‘ کی رسم رونمائی انجام دینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید گنائی نے کہا کہ صوفی روایات رواداری، بھائی چارے اور امن کی تعلیم دیتے ہیں۔اس تقریب کا انعقاد جموں سول سوسائٹی فار آرٹ اینڈ لٹریچر نے نامی ڈوگری سنستھا کے اشتراک سے کیا تھا۔وجد صوفی تعلیمات پر مشتمل ششماہی میگزین ہے۔ ایوارڈ یافتہ سماجی کارکن افان اے یسوی اس کے مدیر اعلیٰ اور پبلشر ہیں۔وجد کے پہلے شمارے کا موضوع’’آفاقی عشق‘‘ ہے۔یہ میگزین شروع کرنے اور اس کے ذریعے کشمیر کی صحیح صورتحال دُنیا کے سامنے لانے کیلئے خورشید احمد گنائی نے یسوی کی کوششوں کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ میگزین کے ذریعے امن، روا داری اور بھروسے کی اقدار کی عکاسی ہوتی ہے جن کی تعلیمات صوفی سنتوں نے دی ہیں۔مشیر نے معیاری میگزین شائع کرنے پر افان یسوی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دی۔ خورشید احمد گنائی نے کہا کہ ریاست کی یونیورسٹیوں میں صوفی تعلیمات کی کلاسز لی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کلچرل اکاڈمی کے سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ صوفی ازم پر ایک ایڈیٹوریل کتاب شائع کریں۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سابق نائب وزیر اعلیٰ کوئندر گپتا نے کہا کہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ سماج میں امن اور بھائی چارے عام کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔تقریب میں سابق ایم ایل سی وجے بقایا، سیکرٹری جے کے اے سی سی ایل عزیز حاجنی، نامورصحافی سُہیل کاظمی، سماجی کارکن روما وانی، سول سوسائٹی کے ممبران، بھاری تعداد میںدانشوراور مصنف بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔