سری نگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کشمیر صوبے کے 10 ویں ، 11 ویں اور 12 ویں جماعت کے سالانہ امتحانات کو احسن طریقے پر منعقد کرنے کے سلسلے میں تیاریوں کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں جموں صوبے کے ونٹر زون علاقوں کے امتحانات کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ گورنر کے مشیر کے وجے کمار ، چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم ، محکمہ داخلہ کے پرنسپل سیکرٹری آر کے گوئیل ، ڈی جی پی دلباغ سنگھ ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، آئی جی پی کشمیر زون ایس پی پانی ، سیکرٹری تعلیم اجیت کمار ساہو ، چئیر پرسن جے کے بوس وینا پنڈتا ، ناظمِ تعلیم کشمیر جی این ایتو ، سیکرٹری جے کے بوس ریاض احمد نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ کشمیر صوبے کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا ۔ اسی طرح صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ، ماظمِ تعلیم جموں راکیش کمار سرنگل کے علاوہ جموں صوبے کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا ۔ 12 ویں جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے 22 اکتوبر مقرر کی گئی ہے جبکہ 10 ویں اور 11 ویں سالانہ امتحانات کیلئے بالترتیب 24 اکتوبر اور 26 اکتوبر مقرر کی گئی ہے ۔ چئیر پرسن جے کے بوس ، ڈی ای ایس کے اور ڈی ای ایس جے کو ہدایت دی گئی کہ وہ مختلف اضلاع کا دورہ کرنے کے دوران متعلقہ افسروں کو ڈیوٹی سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کریں تا کہ امتحانی مراکز پر کسی بھی قسم کی نقل کی وبا نہ پھیلے ۔ چیف سیکرٹری نے امتحانات کو شفاف طریقے پر منعقد کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محنتی اور قابل طلاب کو اپنی محنت کا پھل ملنا چاہئیے ۔ اس سے قبل سیکرٹری ایجوکیشن نے میٹنگ میں بتایا کہ اس سال کشمیر صوبے کے ساتھ ساتھ جموں کے چار اضلاع کے 238000 طلاب ان تین امتحانات میں شامل ہو رہے ہیں ۔