خورشید گنائی نے اساتذہ کو مشعل راہ قرار دیا

سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے اساتذہ کو مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلباء اور والدین کو اُساتذہ کی عزت اور ان کی شکر گذاری کرنے میں اپنا تعاون دینا چاہئے۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں ایس کے آئی سی سی یوم اساتذہ کے تعلق سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔یوم اساتذہ پوری دُنیا میں15 اکتوبر کو منایا جاتا ہے تا ہم ملک میں یہ دن ڈاکٹر سرو پالی رادھا کرشنن کے اعزاز میں اُن کے جنم دن یعنی5 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔مشیر نے اساتذہ برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے لئے یہ محاسبہ کرنے کا بہترین موقعہ ہے تا کہ تعلیم دینے کے معیارمیں مزید بہتری لاسکیں۔انہوں نے اساتذہ کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ طُلاب کا مستقبل سنوارنے میں کلیدی رول ادا کرسکتے ہیں تا کہ وہ مستقبل کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔اپنی طُلباء زندگی کو یاد کرتے ہوئے خورشید گنائی نے کہا کہ انہوں نے اپنے اساتذہ سے کافی درس لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ سے سیکھے گئے سبق پوری زندگی انسان کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے طُلاب پر زور دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں کیوں کہ وہ اُن کا مستقبل اور زندگی سنوارنے میں پیش پیش رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اساتذہ کے کام کو تسلیم کرنا چاہئے۔سرو شکشھا ابھیان اور رہبر تعلیم کے تحت کام کر رہے اساتذہ کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اُن کے مسائل حل کرنے کے لئے فائنانس سیکرٹری کی قیادت میں ایک کمیٹی پہلے ہی تشکیل دی ہے۔مشیر نے اساتذہ سے تلقین کی کہ وہ ایسے اقدامات سے دور رہیں جن سے اُن کے وقار میں کمی آتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اُن کے مطالبات کو حل کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔خورشید گنائی نے کہا کہ اساتذہ کو تعلیم دینے میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا دِن منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بہتر سماج کے قیام کے لئے اساتذہ کی محنت اور لگن کا اعتراف کیا جائے۔اس موقعہ پر سیکرٹری سکولی تعلیم نے ا ساتذہ کو قوم کے معمار قرا ردیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی بدولت ہی زندگی کے مختلف شعبوں میں عظیم شخصیات پیدا ہوتی ہیں۔وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سر ی نگر پروفیسر شیخ جاوید نے اس موقعہ پر کہا کہ جو کچھ انہوں نے اب تک حاصل کیا وہ اُن کے اساتذ ہ کی دین ہے جو انہیں بڑی سوچ رکھنے پر زور دیا کرتے تھے ۔وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی کشمیر پروفیسر معراج الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ معلم اور مدرس ہونا ایک فخر کی بات ہے اور یہ پیشہ ہمیشہ سے عظیم اور مقدس رہا ہے۔اس سے قبل مشیر موصوف نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کنگن کے ہلال احمد لون کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا۔اس کے علاوہ گورنمنٹ مڈل سکول سمائیل پور میں کام کر رہی چرنجیت کور کو بھی بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔وی سی اسلامک یونیورسٹی مشتاق صدیقی، وی سی سینٹرل یونیورسٹی کشمیر پروفیسر معراج الدین میر، وی سی کلسٹر یونیورسٹی سرینگر پروفیسر شیخ جاوید، سیکرٹڑی سکولی تعلیم ریگزن سیمفل، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر/ جموں اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔