خورشید گنائی مرکزی وزیر سیاحت سے ملاقی

نئی دلی//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے جو ریاستی حکومت کے محکمہ سیاحت کے انچارج بھی ہیں، نے یہاں مرکزی وزیر سیاحت کے۔جے۔الفونز کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں اور اُنہیں فروغ دینے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔مشیر موصوف نے مرکزی وزیر کوریاست کے تینوں خطوں میں سیاحتی ڈھانچے کو ترقی دینے کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔مشیر موصوف نے وزیر موصوف سے درخواست کی کہ وہ ریاست جموں و کشمیر میں سیاحت کے فروغ یقینی بنانے میں اپنا تعاون پیش کریں اور وزارت برائے بین الاقوامی سیاحت بالخصوص ساوتھ ایسٹ ایشین ممالک جہاں سے سیاح بڑی تعدادمیں ریاست میں وارد ہوتے ہیں کے سلسلے میں ریاستی حکومت کو امداد فراہم کریں۔مشیر نے جموں ۔ کٹرہ سرکٹ میں پلگرم ٹوراِزم کو فروغ دینے کی ضرورت اُجاگر کی۔ اُنہوں نے پی ایم ڈی پی کے تحت پہلے سے ہی پیش کئے گئے پروجیکٹوں کی منظوری کی بھی درخواست کی۔مرکزی وزیر نے مشیر موصوف کو یقین دلایاکہ وہ ریاست میں سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو تعمیر کرنے کے لئے وزارت برائے فروغ سیاحت کی طرف سے بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے پی ایم ڈی پی اور پی آر اے ایس اے ڈی کے تحت جاری کاموں میں سرعت لانے اور رقومات کا بہتر تصرف یقینی بنانے پر زوردیا۔مرکزی وزیر سیاحت نے جموں وکشمیر کو مرکزی وزارت کے پرموشن پروگرام کوالیکٹرانِک اور سوشل میڈیا کے ذریعے فروغ دینے کی یقین دہانی کی۔خورشید گنائی نے مرکزی وزیر کوآنے والے ٹولپ سیزن کے دوران ریاست کے دورے پر آنے کی دعوت دی۔