خوراک ،رسدات وامو ر صارفین کے کام کاج کاجائزہ

 سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے محکمہ خوراک،رسدات وامور صارفین کے کام کاج کاجائزہ لینے کے لئے متعلقہ آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔انہوںنے عوامی خدمات کو فرض شناسی کے ساتھ انجام دینے اورلوگوں کی تمام مشکلات کافوری ازالہ کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں محکمہ کے ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ کشمیر ڈویژن میں اشیأ خوردنی کا اطمینان بخش سٹاک موجود ہے اور کہیں بھی سٹاک کی قلت نہیں ہے ۔میٹنگ میں یہ جانکاری دی گئی کہ محکمے کے پاس 8لاکھ کوئنٹل چاول کا سٹاک ہے جب کہ دیگر اشیأ کا سٹاک بھی اطمینان بخش حد تک موجود ہے۔صوبائی کمشنر نے آفیسران کو ہدایت دی کہ خوردنی اشیأ ہر ماہ کی 10تاریخ سے تقسیم کی جانی چاہیں ۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اپنے متعلقہ اضلاع میں ہر پندرہ دنوں بعد سٹاک وسپلائی پوزیشن کا جائزہ لینا چاہیے اوراس وقت کوئی بھی راشن گھاٹ خالی نہیں ہے اوریہ مثبت صورتحال برقراررہنی چاہیے۔اس موقعہ پر محکمے کے ڈائریکٹر نے ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے بتایا گیا کہ فیر پرائس کی 493دکانوں کے کام کاج کو یقینی بنایا گیا ہے اوراس سلسلے میں مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔ڈائریکٹر نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالہ کے لئے ہیلپ لائین غیر مشتہر کئے گئے ہیں جہاں لوگ اپنی جائز شکایات درج کرسکتے ہیں۔