خود تباہی دیکھ کر قومی آفت قرار دیں گے:راہل گاندھی

عظمیٰ نیوز ڈیسک

نئی دہلی// قائد حزب اختلاف اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم کے وائناڈ دورہ پراُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا’’مودی جی، خوفناک سانحہ کا جائزہ لینے کے لیے وائناڈ جانے کے لیے آپ کا شکریہ۔ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے‘‘۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جب وزیراعظم اس تباہی کو خود دیکھیں گے تو وہ اسے قومی آفت قرار دیں گے‘‘۔اس سانحے میں 300 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور کئی تاحال لاپتہ ہیں۔اس ہولناک سانحہ کے بعد حزب اختلاف کے رہنما اور وائناڈ کے سابق رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔ یہاں انہوں نے ریلیف کیمپوں میں لوگوں سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے 7 اگست 2024 کو لوک سبھا میں اس تباہی کا مسئلہ اٹھایاتھا۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اسے قومی آفت قرار دیا جائے، لوگوں کو دیے جانے والے معاوضے میں اضافہ کیا جائے اور بحالی کا ایک جامع پیکیج دیا جائے۔