’ خوجہ دگر‘ کی دعائیہ مجلس | نماز عصر میںہزاروں عقیدتمندوں کی شرکت

Photo:SEYLLOU

بلال فرقانی

سرینگر// خواجہ نقشبند صاحب ؒ کے سالانہ عرس کی مناسبت سے’ خوجہ دگر‘ کی دعائیہ تقریب بڑی عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ یہ تقریب خواجہ بازار کے علاقے میں واقع آستان عالیہ نقشبند صاحبؒ میں منعقد ہوئی، جہاں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔یہ خصوصی دعائیہ مجلس ہر سال 3 ربیع الاول کو منعقد کی جاتی ہے۔ اتوارکی سہ پہر نماز عصر کے موقعہ پرعقیدت مندوں کی بھاری تعداد جمع ہوئی۔اس موقعہ پر ہزاروں لوگوں نے آستان عالیہ اور نوہٹہ سے خانیار تک کی مرکزی سڑک پر نماز عصر ادا کی۔ لوگوں نے نماز و دعا میں شامل ہو کر اس روحانی موقع کی برکتوں سے استفادہ کیا۔اس موقع پر بڑی تعداد میں خواتین نے بھی دعائیہ مجلس اور نماز کی ادائیگی میں حصہ لیا۔ درگاہ پر نقشبندی صاحبؒ کی تعلیمات اور ان کی خدمات پر خطبے دیئے گئے، جن میں ان کی زندگی اور مشن کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔منتظمین نے’ خوجہ دگر‘کے لئے وسیع انتظامات کئے تھے۔ نماز اور خصوصی دعاکے دوران، نوہٹہ کی طرف جانے والی تمام گاڑیوں کو بہوری کدل کے متبادل راستے سے گزارا گیا تاکہ عوام کی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔ آستان عالیہ کے باہر روایتی اسٹال لگائے گئے تھے، جن پر مختلف کھانے پینے کی چیزیں رکھی گئی تھیں۔ کہا جاتا ہے کہ’ خوجہ دگر‘ کی یہ روایت حضرت خواجہ خواوند محمود کے زمانے سے جاری ہے، جو 1017 ہجری (406 سال قبل) کا ہے۔ اس روایت کے تحت ہر سال یہ دعائیہ مجلس برکتوں اور روحانیت کی حامل سمجھی جاتی ہے، اور لوگ اس موقع پر’خوجہ دگر‘ کی نماز کو خاص اہمیت دیتے ہیں۔