خوانچہ فروشوں کی بااختیاری

جموں//پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا نے وزیر اعظم ایس وی اے نِدھی سکیم سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیلئے سول سیکرٹریٹ میں میٹنگ طلب کی ۔ دوران میٹنگ پرنسپل سیکرٹری نے آف لائین درخواستوں کی آن لائین طریقہ کار کے تحت تیز تر اپ لوڈنگ کی ہدایات دیں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف آن لائین اندراجات کو ہی اعداد و شمار کیلئے مستند مانے جائیں گے ۔ وزیر اعظم سٹریٹ وینڈرز آتم نربھر نِدھی ، وزیر اعظم ایس وی اے نِدھی خوانچہ فروشوں کو بااختیار بنانے کیلئے شروع کی گئی ہے ۔ سکیم کے تحت انہیں قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے اور اُن کی کلہم ترقی اور معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ دھیرج گپتا نے کہا کہ سکیم کے تحت اندراجات اور سفارش نامے جاری کرنے میں سرعت لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام التوا میں پڑے منظور کے گئے معاملات اور اندراجات کو اگلے ہفتے تک مکمل کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو قرضہ جات کی واگذاری کے عمل میں بھی سرعت لانے کیلئے کہا ۔  میٹنگ میں کمشنر جے ایم سی ، ناظمِ بلدیات جموں ، ایڈیشنل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی اور جموں خطے کے اعلیٰ بنکر نے حصہ لیا ۔ کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن ، ناظمِ بلدیات کشمیر اور کشمیر صوبے کے اعلیٰ بنکروں نے میٹنگ میں بذریعہ ورچول طریقہ کار حصہ لیا ۔