خواص کے جنگلوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد

کوٹرنکہ //مشترفوج اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران راجوری ضلع کی تحصیل خواص گدیوک کے علاقے میں چیکا کھیت کے ایک گھنے جنگل میں ایک کمین گاہ سے اسلحہ اورگولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کیا۔بازیابی میں 3 میگزینوں اور 94 راؤنڈوں کے ساتھ 1 اے کے 47 رائفل ، 2 میگزینوں کے ساتھ دو چینی پستول اور پستول کے 8 راؤنڈ ، انڈر بیرل گرینیڈ لانچر (یو بی جی ایل)، 5 دستی بم ، 3 انٹینا کے ساتھ 1 کینووڈ ریڈیو سیٹ شامل ہیں۔یہ کمین گاہ بڑے پتھروں کے نیچے ایک تنگ غار میں بنائی گئی تھی۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ معتبر ذرائع کے ذریعہ مخصوص معلومات فراہم ہونے کے بعد پولیس اور فوج کے جوانوں نے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن شروع کیا ،جس دوران یہ اسلحہ برآمد کیاگیا۔عہدیداروں نے بتایا "فوج اور پولیس نے نہ صرف پر امن خطے میں ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنا دیا بلکہ راجوری اور  ریاسی اضلاع میں امن اور ہم آہنگی کو زک پہنچانے کے مذموم منصوبے کو بھی ناکام بنا دیا ہے"۔